۱۳ مهر ۱۴۰۳ |۳۰ ربیع‌الاول ۱۴۴۶ | Oct 4, 2024
علامہ مقصود علی ڈومکی، یوم احتجاج

حوزہ / مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد وحدت یوتھ ڈویژن لاڑکانہ پاکستان تحریک انصاف جیکب آباد مجلس علماء مکتب اہل بیت اور آئی ایس او کے زیر اہتمام شہید علامہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر آج دوسرے دن بھی یوم احتجاج منایا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد وحدت یوتھ ڈویژن لاڑکانہ پاکستان تحریک انصاف جیکب آباد مجلس علماء مکتب اہل بیت اور آئی ایس او کے زیر اہتمام شہید علامہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت پر آج دوسرے دن بھی یوم احتجاج منایا گیا۔ ملک گیر احتجاج کے موقع پر شہید اللہ بخش پارک سے ریلی نکالی گئی جو پریس کلب پہنچ کر احتجاجی جلسے میں تبدیل ہو گئی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا: عالم اسلام کے بہادر اور نڈر لیڈر علامہ سید حسن نصر اللہ کی دردناک شہادت پر پوری امت مسلمہ سوگوار ہے۔ آج دنیا کے کروڑوں شیعہ سنی مسلمان اس عظیم مجاہد اسلام کو سلام عقیدت پیش کر رہے ہیں جس نے اپنی پوری زندگی غاصب اسرائیل کے خلاف لڑتے ہوئے گزاری۔ ان کی دردناک شہادت پر ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دنیا کے غیرت مند مسلمان غاصب اسرائیل سے سید حسن نصر اللہ کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیں گے۔

انہوں نے کہا: شہید اسماعیل ہنیہ کے بعد سید حسن نصر اللہ کی المناک شہادت سے تحریک آزادی فلسطین میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوا ہے۔ ان عظیم انسانوں کی شہادت سے تحریک آزادی فلسطین کمزور نہیں ہوگی۔

ضلع صدر نذیر حسین جعفری نے اس موقع پر کہا: بزدل دشمن اسرائیل نے سید مقاومت کو شہید کر کے دنیا کے کروڑوں مسلمانوں کو سوگوار کر دیا مگر شہید حسن نصراللہ کی تحریک اسرائیل کی نابودی تک جاری رہے گی۔

ڈویژنل صدر وحدت یوتھ ونگ سید کامران شاہ نے کہا: پاکستان کے عوام فلسطین اور لبنان کے مجاہدوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان کی حکومت بھی امریکی غلامی سے نجات حاصل کرتے ہوئے تحریک آزادی فلسطین کا بھرپور ساتھ دے۔

قابل ذکر ہے کہ احتجاج سے مولانا منور حسین سولنگی اور پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما نے بھی خطاب کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .